لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)سوشل میڈیا پراسلحےکی نمائش کر کے قانون کو چیلنج کرنے والا ایک اور ملزم قانون کی گرفت میں آ گیا۔ ریس کورس پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاک پر وائرل ویڈیوز میں اسلحہ لہرانے والے ملزم عمر مقصود کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے بتایا کہ ملزم کو سٹاپ اینڈ سرچ میتھڈ کے تحت قربان لائن کچی آبادی سے حراست میں لیا گیا۔
ایس پی کے مطابق ملزم کی سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے متعدد ویڈیوز وائرل تھیں، جس کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔
ایس پی سول لائنز نے واضح کیا کہ اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔


