24

اغوا کے بعد بڑی پیش رفت، ایس ایچ او مانگی مسعود احمد پانیزئی باحفاظت بازیاب، کوئٹہ پہنچ گئے

ہرنائی / زیارت(ایچ آراین ڈبلیو)منگی ڈیم کے علاقے سے اغوا کیے گئے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) مانگی مسعود احمد پانیزئی اور ان کے ساتھ اغوا ہونے والے دیگر افراد باحفاظت بازیاب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اغوا کاروں نے تمام مغویوں کو رہا کر دیا، جس کے بعد وہ خیریت کے ساتھ اپنے اہلِ خانہ سے مل گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بازیابی کے بعد ایس ایچ او مسعود احمد پانیزئی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی خیریت دریافت کی جا رہی ہے۔ مغویوں کی بحفاظت رہائی کی خبر سے اہلِ خانہ اور مقامی آبادی میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل منگی ڈیم کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایس ایچ او مسعود احمد پانیزئی سمیت متعدد افراد کو اغوا کر لیا تھا، جس کے باعث علاقے میں شدید تشویش پائی جاتی تھی۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے تلاش اور رابطوں کا عمل تیز کر دیا تھا۔

مغویوں کی رہائی پر علاقہ مکینوں نے سکھ کا سانس لیا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں