20

ضلع کچھی پولیس کی بڑی کامیابی، ڈکیتی کے مقدمے میں دو ملزمان گرفتار، 50 لاکھ روپے برآمد

کچھی(ایچ آراین ڈبلیو) ضلع کچھی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے سنگین مقدمے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے 50 لاکھ روپے کی مسروقہ رقم برآمد کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مدعی کی درخواست پر مورخہ 6 مئی 2026 کو پولیس تھانہ کھٹن میں مقدمہ نمبر 05/2026 بجرم دفعات 395/342 تعزیراتِ پاکستان درج کیا گیا۔ مقدمہ درج ہونے کے فوراً بعد ملزمان کی گرفتاری اور لوٹی گئی رقم کی برآمدگی کے لیے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔

پولیس ٹیم نے شفیع ابڑو گینگ کے ممکنہ ٹھکانوں پر مسلسل چھاپہ مار کارروائیاں اور مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ دورانِ تفتیش ملزمان کے انکشاف اور نشاندہی پر ڈکیتی شدہ رقم مبلغ 50 لاکھ روپے برآمد کر لی گئی۔ مزید تفتیش کے دوران ایک اور ملزم کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق شفیع ابڑو گینگ ضلع نصیرآباد، سبی اور کچھی کے مختلف علاقوں میں ہائی وے ڈکیتی، اغواء اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔ گینگ کے باقی ماندہ مفرور ملزمان کی گرفتاری اور مزید برآمدگی کے لیے پولیس کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

یہ کامیاب کارروائی ضلع کچھی پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مؤثر تفتیشی حکمتِ عملی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔ کارروائی SDPO سرکل بھاگ سنی مٹھا خان مغیری کی زیر نگرانی انجام دی گئی، جس میں انسپکٹر غلام علی کنڈرانی (ایس ایچ او بھاگ سٹی)، انسپکٹر حفیظ اللہ ابڑو (ایس ایچ او کھٹن)، سب انسپکٹر عبد الرسول جتوئی (ایس ایچ او بھاگ صدر) اور ایس آئی خادم حسین ہانبھی نے اہم کردار ادا کیا۔

کچھی پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں