4

خیبر پختونخوا میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو) محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے موسمِ گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں چھٹیاں 15 جون سے 16 اگست تک ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں مختلف علاقوں کے لیے علیحدہ شیڈول دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گرم علاقوں میں واقع پرائمری اسکولز یکم جون سے 31 اگست تک مکمل بند رہیں گے، جبکہ مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں تعطیلات 15 جون سے 16 اگست تک ہوں گی۔

سرد علاقوں میں واقع تعلیمی اداروں کے لیے موسمِ گرما کی تعطیلات یکم جولائی سے 31 جولائی تک مقرر کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ میدانی علاقوں کے اسکولوں میں جون 2026 کے دوران “سمر کیمپس” کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے لیے اوقاتِ کار اور طریقہ کار واضح کر دیا گیا ہے۔ سمر کیمپس کے تحت کلاسز پیر سے جمعرات تک صبح 7 بجے سے شروع ہوں گی اور مختلف درجات کے لیے مقررہ وقت تک جاری رہیں گی۔

پرائمری سطح پر طلبہ کو انگلش، جنرل سائنس، جنرل نالج، ریاضی اور اردو پڑھائی جائے گی، جبکہ مڈل کلاسز کے لیے انگلش، ریاضی، جنرل سائنس اور اردو شامل ہوں گے۔ ہائی اور ہائر سیکنڈری سطح پر سائنس اور آرٹس کے مضامین سمر کیمپس میں شامل ہوں گے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول سربراہان تعلیمی ضروریات کے مطابق مضامین اور اوقات میں ردوبدل کر سکتے ہیں، تاہم کسی بھی صورت میں تعلیمی سرگرمیاں صبح 10 بجے کے بعد جاری نہیں رہیں گی۔ انٹرمیڈیٹ طلبہ کو صرف ان دنوں سمر کیمپس سے استثنیٰ حاصل ہوگا جن دنوں بورڈ کے عملی امتحانات ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں