5

زمین کے تنازع پر ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کردیا گیا

کوئٹہ (ایچ آراین ڈبلیو)زمین کےتنازعےپرایک ہی خاندان کے5افراد کوقتل کردیا گیا، جس میں باپ، تین بیٹے اورایک بیٹی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں زمین کے تنازع پر مخالفین نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

واقعے کے خلاف مقتولین کے لواحقین نے میتیں سڑک پر رکھ کر سریاب روڈ پر شدید احتجاجی دھرنا دے دیا ہے، جس کے باعث ہر قسم کی ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب پیش آیا جہاں ملزمان نے ایک گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں باپ، اس کے تین بیٹے اور ایک بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا، جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے خلاف مقتولین کے لواحقین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے سریاب روڈ پر بادینی اسٹاپ کے مقام پر پانچوں میتیں سڑک پر رکھ کر احتجاجی دھرنا شروع کر دیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک سفاک ملزمان کو فوری گرفتار نہیں کیا جاتا اور خاندان کے دیگر پسماندگان کو مکمل تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، وہ اپنا احتجاج اور دھرنا ختم نہیں کریں گے۔

مظاہرین نے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا کہ زمین کے اسی تنازع پر ملزمان اس سے قبل بھی ان کے خاندان کے 3 افراد کو قتل کر چکے ہیں، لیکن پولیس کی نااہلی کے باعث تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام بھاری نفری کے ہمراہ دھرنے کی جگہ پر موجود ہیں اور مظاہرین کو یقین دہانیوں کے ذریعے دھرنا ختم کرنے کے لیے مذاکرات کیے جا رہے ہیں، تاہم آخری اطلاعات آنے تک مذاکرات میں کوئی ٹھوس پیشرفت سامنے نہیں آ سکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں