5

مسعود خان کا تاریخ ساز کارنامہ، پشاور سے اسکردو تک 810 کلومیٹر نان اسٹاپ دوڑ کر عالمی ریکارڈ قائم

پشاور(ایچ آراین ڈلبیو) پاکستانی نوجوان ایتھلیٹ مسعود خان نے ایک شاندار اور تاریخ ساز کارنامہ انجام دیتے ہوئے پشاور سے اسکردو تک 800 کلومیٹر سے زائد طویل اور دشوار گزار سفر نان اسٹاپ دوڑ کر مکمل کر لیا، جس کے بعد انہوں نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق مسعود خان نے صرف 9 روز میں 810 کلومیٹر کا یہ تاریخی سفر مکمل کیا۔ اس دوران انہوں نے قراقرم ہائی وے کے خطرناک پہاڑی راستوں، دریائے سندھ کے دلکش مناظر اور گلگت بلتستان کی وادیوں کو عبور کیا۔

نوجوان ایتھلیٹ اس سے قبل بھی روس، جاپان اور چین سمیت مختلف ممالک کے ایتھلیٹس کے ساتھ مقابلوں میں شرکت کر چکے ہیں اور کئی اعزازات و تمغے اپنے نام کر چکے ہیں۔

مسعود خان کا کہنا تھا کہ مسلسل دوڑ کے باعث کئی بار قدم ڈگمگائے، لیکن پاکستان اور قوم کا نام روشن کرنے کے جذبے نے انہیں کبھی ہمت ہارنے نہیں دی۔ ان کے مطابق پشاور سے اسکردو تک نان اسٹاپ دوڑ اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور تاریخی کارنامہ ہے۔

نوجوان ایتھلیٹ کے اس شاندار کارنامے کو ملک بھر میں بے حد سراہا جا رہا ہے، جبکہ اسے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے عزم، حوصلے اور غیر متزلزل ہمت کی نئی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں