پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)پشاور میں دورہ چوک بازار کے صدر سعد اللہ صافی نے پشاور پولیس کے اہلکار نورالحق کو تعریفی سند اور نقد انعام دیے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔یہ انعام ڈاکٹر میاں سعید احمد کی جانب سے نورالحق کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا۔
اپنے بیان میں سعد اللہ صافی نے کہا کہ نورالحق ایک ایماندار، بہادر اور فرض شناس پولیس اہلکار ہیں جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور جرات کے ساتھ انجام دے کر محکمہ پولیس اور عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی سی پی او پشاور کی جانب سے اہلکار کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازنا اس بات کا ثبوت ہے کہ محکمہ پولیس اپنے قابل اور محنتی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔
سعد اللہ صافی نے مزید کہا کہ ایسے اہلکار معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے نورالحق کو نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین مثال قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے سے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
آخر میں انہوں نے پشاور پولیس کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔


