حب(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس اور پاک نیوی کی مشترکہ کارروائی کے دوران گڈانی کے ساحل سمندر سے منشیات کی ایک بڑی کھیپ برآمد کر لی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ نارکوٹکس محمد زمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی اس کارروائی میں مجموعی طور پر 425 کلوگرام آئس، 5 ہزار سے زائد شراب کی بوتلیں اور 20 کلوگرام حشیش برآمد کی گئی ہے۔
ڈی جی ایکسائز کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 31 ارب روپے بتائی جاتی ہے۔ کارروائی کے دوران منشیات سمندری راستے سے اسمگل کی جا رہی تھیں، تاہم بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ اس نیٹ ورک میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ محکمہ ایکسائز اور پاک نیوی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف یہ مشترکہ کارروائی سیکیورٹی اداروں کے باہمی تعاون کی ایک اہم مثال ہے اور مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


