16

اورنگی ٹاؤن نالے میں شہری کے گرنے سے ہلاکت کا کیس، عدالت نے ٹی ایم سی کو ذمہ دار قرار دے دیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں شدید بارشوں کے دوران اورنگی ٹاؤن نالے میں شہری کے گرنے سے ہونے والی ہلاکت کے کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ واقعے کی بنیادی ذمہ داری ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اورنگی ٹاؤن پر عائد ہوتی ہے اور غفلت کے باعث قیمتی انسانی جان ضائع ہوئی۔

عدالت نے ٹی ایم سی اورنگی ٹاؤن کو متوفی کے اہلخانہ کو ڈیڑھ کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا، جبکہ کیس میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو بری الذمہ قرار دے دیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ متوفی ایک نوجوان اور غیر شادی شدہ شخص تھا جس کی زندگی کی توقع زیادہ تھی اور وہ کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ جدید ٹیکنالوجی اور موسمیاتی پیشگوئی کے باوجود متعلقہ ادارے بروقت حفاظتی اقدامات کرنے میں ناکام رہے، جس کے باعث خطرناک مین ہول کو بند نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق 26 جولائی 2020 کو شہری عارف قریشی شدید بارش کے دوران گھر واپس جاتے ہوئے نالے میں گر کر جاں بحق ہوا۔

ٹی ایم سی اورنگی ٹاؤن نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے اور کیس قابل سماعت نہیں۔ تاہم عدالت نے ادارے کی غفلت کو ثابت قرار دیتے ہوئے معاوضے کا حکم جاری کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں