17

انمول عرف پنکی کیس میں پروٹوکول اور بدانتظامی کی انکوائری مکمل، سنگین انکشافات

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)انمول عرف پنکی کے حوالے سے پروٹوکول اور پولیس طرزِ عمل کی انکوائری مکمل کر لی گئی، جس میں متعدد سنگین بے ضابطگیوں اور اختیارات کے مبینہ غلط استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او گارڈن نے ایس ایس پی سٹی کے احکامات پر ملزمہ کو غیر معمولی پروٹوکول فراہم کیا، جس میں تھانے میں بہتر سہولیات، کھانا، کپڑے، میک اپ اور دیگر سہولیات شامل تھیں۔

انکوائری میں بتایا گیا کہ ملزمہ کی گرفتاری سے لے کر عدالت میں پیشی تک متعلقہ اعلیٰ افسران کو مکمل طور پر لاعلم رکھا گیا، جبکہ کیس کے تفتیشی افسر اور ڈی آئی جی سطح پر بھی بروقت معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق ملزمہ کو ایس ایچ او کے دفتر میں غیر رسمی ماحول میں رکھا گیا اور عدالت پیشی کے دوران بھی غیر معمولی سہولتیں فراہم کی گئیں، حتیٰ کہ موبائل فون کے استعمال کی اجازت بھی دی گئی۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ایس ایچ او گارڈن کے دفتر سے سی سی ٹی وی ڈی وی آر غائب تھا، جبکہ عدالتی کارروائی کے دوران سیکیورٹی پروٹوکول میں بھی سنگین خامیاں پائی گئیں۔

انکوائری کمیٹی نے ایس ایس پی سٹی، ایس ایچ او گارڈن اور متعلقہ تفتیشی افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی ہے، جبکہ ایس ایچ او پر اختیارات کے مبینہ غلط استعمال، غفلت اور بدانتظامی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کیس ایک ہائی پروفائل معاملہ تھا جس میں ضلعی سطح پر نگرانی اور کوآرڈینیشن میں شدید کمی رہی، جس کے باعث پولیس ساکھ متاثر ہوئی۔

ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ کے بعد پہلے ہی ایس پی سٹی کو معطل کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید محکمانہ کارروائی زیر غور ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں