تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث بدنام زمانہ لیڈی منشیات فروش گرفتار

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ٹاسک فورس حیدرآباد نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث بدنام زمانہ لیڈی منشیات فروش کے خلاف بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔

یہ کارروائی طارق رزاق خان دھاریجو، ڈی آئی جی حیدرآباد، اور شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی حیدرآباد، کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ ٹاسک فورس حیدرآباد کے انچارج زین رضا بلوچ کی سربراہی میں ایس ایچ او ہتڑی اسلم بلو کے ہمراہ کارروائی کی گئی۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران حیدرآباد کی بدنام زمانہ لیڈی منشیات فروش امبرین عرف گڈی چانڈیو، ساکن علی آباد کالونی، حیدرآباد، کے قبضے سے 3090 گرام چرس اور 23.97 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

ملزمہ کے خلاف مقدمہ نمبر 152/2026 زیر دفعہ 9(1)3(c) سی این ایس ایکٹ 2024 اور مقدمہ نمبر 153/2026 زیر دفعہ 9(1)6(a) سی این ایس ایکٹ 2024 درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف حیدرآباد کے مختلف تھانوں اور ایکسائز نارکوٹکس میں مجموعی طور پر 6 مقدمات پہلے سے درج ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت میں ملوث رہی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں