کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ پولیس نے کراچی کے علاقے یوسف گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے نام نہاد کسٹم پیڈ موبائل فونز کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔
ترجمان پولیس کے مطابق سائٹ بی پولیس نے خفیہ اطلاع پر یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر چھاپہ مارا، جہاں ایک کار کے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے 137 نان کسٹم پیڈ موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔ کارروائی کے دوران کار میں سوار ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت نعمت اللہ ولد حاجی لالا کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے موبائل فونز میں 27 آئی فون اور 110 اینڈرائیڈ فونز شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ موبائل فونز بلوچستان سے مسافر بس کے ذریعے اسمگل کر کے یوسف گوٹھ بس ٹرمینل لائے گئے تھے، جہاں سے انہیں کار کے ذریعے موبائل مارکیٹ منتقل کیا جانا تھا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ اسمگلنگ میں ملوث دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔


