کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع کیماڑی میں اتحاد ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قیمتی گاڑیوں سے پینل، LCDs اور دیگر سامان چوری کرنے والے دو رکنی افغانی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو محمد خان کالونی کے علاقے سے ہائی روف گاڑی سمیت حراست میں لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول بھی برآمد ہوئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد بلال ولد عبداللہ اور جمعہ خان ولد شہباز خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں قیمتی گاڑیوں سے سامان چوری کی سینکڑوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان گلبرگ سمیت کراچی کے مختلف پوش علاقوں میں سرگرم تھے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمان کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں انہیں گاڑیوں سے سامان چوری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان پیشہ ور اور عادی جرائم پیشہ ہیں جن کے خلاف مختلف تھانوں میں قتل، پولیس مقابلوں، گاڑیوں سے سامان چوری اور دیگر سنگین دفعات کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔
ملزمان کے خلاف تھانہ اتحاد ٹاؤن میں سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش اور سابقہ مقدمات کی جانچ پڑتال جاری ہے۔


