25

کیماڑی میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ، آئس اور گرنیڈ برآمد، بلال پپو گینگ کے 3 ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کیماڑی پولیس نے وفاقی سول حساس ادارے کے ساتھ مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے جہان آباد میں قائم ایک بدنام منشیات کے اڈے پر کامیاب چھاپہ مارا ہے۔کارروائی کے دوران بلال پپو گینگ سے تعلق رکھنے والے منشیات نیٹ ورک کے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان میں ریاض ولد سراج بلوچ، محمد صابر ولد محمد سلیم اور شاہ محمد ولد عطاء محمد شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی تقریباً 1600 گرام کرسٹل/آئس (میتھ ایمفیٹامین) اور 9 عدد 40 ایم ایم گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان جہان آباد اور اطراف کے علاقوں میں منظم انداز میں منشیات کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ پولیس کو ان کے بعض بیرونِ ملک مقیم عناصر سے روابط کے بارے میں بھی معلومات ملی ہیں جن کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کیماڑی پولیس کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران منشیات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں مختلف نیٹ ورکس کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ مزید اہم گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں