30

اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چوری میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ناظم آباد کے علاقے مجاہد کالونی سے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں ذیشان عرف ملوترا ولد محمد یٰسین، محمد عبید عرف دادو ولد محمد وسیم، محمد جاشم ولد عبدالکلام، نوید الرحمان عرف پٹھان اور احمد عرف ایمو ولد محمد افضل شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل، تین موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے علاقوں مجاہد کالونی، واحد کالونی، ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، شادی ہالوں کے باہر جیب تراشی، موٹرسائیکل، بیٹریاں اور بجلی کی تاریں چوری کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان جاشم، نوید عرف پٹھان اور احمد عرف ایمو چوری شدہ موٹرسائیکلوں اور ان کے پرزہ جات کی خرید و فروخت میں بھی ملوث تھے۔ ملزمان وارداتوں کے دوران شادی ہالوں اور شاپنگ مالز کے باہر ریڑھی فروشوں کا بھیس بدل کر کھڑے ہوتے اور بعد ازاں پارکنگ میں کھڑی غیر محفوظ موٹرسائیکلیں اور پرزہ جات چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں مختلف نوعیت کی ایف آئی آرز درج ہیں، جبکہ گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے مشتبہ عناصر کی فوری اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں