کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ درخشاں پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے آن لائن منشیات / آئس فروشی میں ملوث ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ اپنے گاہکوں کو آئس فروخت کرنے کی غرض سے موجود تھا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے 24 گرام آئس اور منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم برآمد کر لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم آن لائن بکنگ کے ذریعے مختلف علاقوں خصوصاً ڈیفنس میں منشیات / آئس کی سپلائی کرتا تھا، جبکہ ترسیل کے لیے آن لائن رائیڈرز اور دیگر ذرائع استعمال کیے جاتے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزم کی موٹر سائیکل نمبر KLT-6268 سپر پاور بھی پولیس تحویل میں لے لی گئی۔ گرفتار ملزم کی شناخت حاشر علی ولد حکیم الدین کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ درخشاں میں مقدمہ نمبر 344/2026 بجرم دفعہ 9(2)2 ایکٹ 2024 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


