گھریلو چوری میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، طلائی زیورات اور نقدی برآمد

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد میں تھانہ لوہی بھیر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گھریلو چوری میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر یوسف جٹ کی سربراہی میں ٹیم نے سب انسپکٹر سجاد احمد اور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ہیومن انٹیلیجنس ذرائع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 240/26 میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا۔
دوران تفتیش پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 3 تولے طلائی زیورات، 2 لاکھ 5 ہزار روپے نقدی جبکہ غیر ملکی کرنسی جس میں یورو اور پاؤنڈ شامل ہیں، برآمد کر لیے۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد شدہ مجموعی مالیت تقریباً 5 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
ایس پی سواں خرم اشرف نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں