19

منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، بس سے تین ملزمان گرفتار

جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو)جامشورو میں پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مسافر بس سے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی ظفر صدیق چھانگا کے خصوصی احکامات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں کوٹری کے علاقے میں کامیاب کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پولیس کےمطابق ڈی ایس پی کوٹری شاہنواز جوکھیو کی نگرانی میں ایس ایچ او جامشورو بی سیکشن سب انسپکٹر سجاد جمالی نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر بس نمبر BYU-975 کو روکا اور تلاشی کے دوران منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔کارروائی کے دوران تین ملزمان محمد ذوہیب بروہی، شان بروہی اور عبیداللہ کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مضر صحت منشیات سفینہ گٹکا اور منشیات میں استعمال ہونے والا چورا بھی برآمد کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔ایس ایس پی جامشورو نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ منشیات کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جامشورو میں امن و امان اور منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں