کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (SIU) نے بھتہ خوروں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے احمد مگسی گروپ سے منسلک ایک اہم کارندے کوگرفتارکرلیا۔اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کراچی کے مطابق یہ کارروائی ایس ایس پی ایس آئی یو کی ہدایت پر جمشید کوارٹرز کے علاقے میں کی گئی، جہاں سے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت معراج گبول عرف تاج ولد جھنڈا خان کے نام سے ہوئی ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ ماما بشیر مرحوم کے بھتہ خور گروہ کے لیے کام کرتا تھا، جو احمد مگسی گروپ سے منسلک تھا۔ ملزم کے مطابق ماما بشیر کی ہلاکت کے بعد گروہ کی کمان اس کے بیٹے سمیر کے پاس ہے، جبکہ سلمان عرف سلو اور خلیفہ اس نیٹ ورک کی قیادت میں شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ مختلف کاروباری علاقوں سے وصول کرتا تھا، جن میں شاہی پریس بلوچ پاڑہ، پرکاش لکر بلوچ پاڑہ، کارڈ بورڈ فیکٹری پی آئی بی کالونی اور بلوچ بریانی پی آئی بی کالونی سمیت دیگر مقامات شامل ہیں۔ گروہ کے بعض افراد مقامی دکانوں سے بھی بھتہ وصول کرتے تھے۔
مزید انکشافات کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ منشیات فروشی میں بھی ملوث ہے اور نوجوانوں کو نشہ آور اشیاء کا عادی بنا کر جرائم کی طرف دھکیلتا ہے، جبکہ اس کا ایک ساتھی گوہر ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث بتایا جا رہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کو پہلے بھی 2021 اور 2024 میں پی آئی بی کالونی تھانے سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس ایس پی ایس آئی یو نے کہا ہے کہ شہر میں بھتہ مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


