کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے مضرِ صحت شیشہ بار اور کیفے چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایسٹ زون پولیس کراچی کے مطابق گرفتار ملزمان گلستانِ جوہر کے مختلف علاقوں میں خفیہ طور پر شیشہ بار اور کیفے آپریٹ کر رہے تھے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر مختلف مقامات پر کامیاب چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔
کارروائی کے دوران پولیس نے حقے، شیشہ، تیار فلیورز اور دیگر متعلقہ سامان قبضے میں لے لیا۔ حکام کے مطابق یہ سامان غیر قانونی اور صحت کے لیے مضر قرار دیا جا رہا تھا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ گرفتار افراد میں مبشر حیدر، ظہیر احمد، اوسٹن، سعید احمد، حسن شبیر اور توقیر اقبال شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی اور مضر صحت سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


