17

چاکیواڑہ پولیس مقابلہ، زخمی ملزم کھارادر ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ نکلا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں چاکیواڑہ کے علاقے میں رات گئے ہونے والے پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم کھارادر ڈکیتی کیس کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔

ایس ایس پی سٹی سید علی حسن کے مطابق گرفتار ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ 23 مارچ کو کھارادر میں ایک دکان پر ڈکیتی کی تھی اور واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ اسی کیس میں اس کے ایک ساتھی کو پہلے کھارادر پولیس کے ساتھ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مرکزی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار فیصل پٹھان گروپ سے ہے اور اس کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی سامنے آ چکا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں، جن میں 2014 اور 2019 کے دوران درج ہونے والے کیسز شامل ہیں۔

حکام کے مطابق رات گئے ہونے والے پولیس مقابلے میں ملزم زبیر زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ راؤنڈز بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں