کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو) بلوچستان کانسٹیبلری کی تاریخ میں پہلی بار ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے کانسٹیبلری کی 2IC (سیکنڈ اِن کمان) کمان ایک خاتون آفیسر کے سپرد کر دی گئی ہے۔ PSP گروپ گریڈ 19 کی سینئر آفیسر محترمہ شِہلا قریشی کو قائم مقام ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ تعیناتی نہ صرف بلوچستان کانسٹیبلری بلکہ مجموعی طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار اور صلاحیتوں کا عملی اعتراف ہے۔ محترمہ شہلا قریشی اس سے قبل بھی مختلف اہم انتظامی اور فیلڈ عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں اور پیشہ ورانہ قابلیت، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتوں کے باعث ایک مضبوط شہرت رکھتی ہیں۔
سیکیورٹی اور انتظامی حلقوں نے اس تعیناتی کو خواتین کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ادارے میں صنفی توازن کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوان خواتین آفیسرز کو آگے بڑھنے کی ترغیب بھی ملے گی۔
ماہرین کے مطابق بلوچستان جیسے حساس صوبے میں ایک خاتون آفیسر کو اس اہم کمان کی ذمہ داری سونپنا اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ اب ادارے قابلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کر رہے ہیں، جو ایک مثبت اور حوصلہ افزا رجحان ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کانسٹیبلری صوبے میں امن و امان کے قیام اور داخلی سیکیورٹی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اور اس سطح پر خاتون آفیسر کی تعیناتی کو ادارہ جاتی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔


