کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی میں سونا اور چاندی کی اسمگلنگ اور خفیہ ری پروسیسنگ کے ایک منظم نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ مافیا کو کاری ضرب لگائی ہے۔ یہ کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی کی نگرانی میں اے سی سی کراچی نے انجام دی، ترجمان ایف آئی اے کے مطابق۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران طارق محمود، ڈائریکٹر TGM Gold Bullion Pvt. Limited، کو مرکزی کردار کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایران، افغانستان اور دبئی سے اسمگل شدہ چاندی کراچی منتقل کی جاتی تھی، جسے خفیہ طور پر پگھلا کر غیر ملکی ہال مارکس مٹائے جاتے اور بعد ازاں مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔
ایف آئی اے نے صدر کراچی کے مختلف علاقوں میں بیک وقت متعدد چھاپے مارے، جن میں رہائشی یونٹ، فیکٹری اور کمرشل آؤٹ لیٹس شامل تھے۔ کارروائی کے نتیجے میں 5,542 تولہ چاندی اور 40 تولہ سونا برآمد کیا گیا، جبکہ ری پروسیسنگ میں استعمال ہونے والی مشینری، فیبریکیشن ڈائز اور دیگر اہم شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق برآمد شدہ قیمتی دھاتوں کی مجموعی مالیت تقریباً 6 کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ اس ضمن میں ملزمان طارق محمود، جاوید خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ اسمگلنگ نیٹ ورک کی مزید کڑیاں سامنے آ رہی ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے اثاثوں کی چھان بین اور بین الاقوامی سپلائی چین سے جڑی تحقیقات جاری ہیں، جس کے نتیجے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے نے واضح کیا کہ اسمگلنگ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
27


