لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ستو کتلہ پولیس نے خاتون سے زیادتی کی کوشش میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون اپنی ڈیوٹی ختم کر کے گھر جا رہی تھی کہ اس دوران ایک سکیورٹی گارڈ نے اسے زبردستی نرسری میں لے جا کر زیادتی کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کے شور مچانے پر ملزم موقع سے فرار ہو گیا، تاہم واقعے کے فوراً بعد ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کی گئی اور کامیاب کارروائی کے دوران اسے گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت سلمان حسن کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس کو جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ شفاف اور مؤثر تفتیش کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ نے کہا کہ خواتین کا استحصال کرنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس حکام کے مطابق خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔


