ٹیکسلا(ایچ آراین ڈبلیو) تحصیل ٹیکسلا میں رینٹ اے کار کے کاروبار کی آڑ میں جاری ایک منظم اور خطرناک فراڈ نیٹ ورک کو پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے واہ کینٹ سے تعلق رکھنے والے گینگ کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ کہوٹہ کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اس گروہ کو حراست میں لیا، جو مختلف شہروں سے گاڑیاں کرائے پر حاصل کر کے انہیں جعلی دستاویزات کے ذریعے فروخت کر دیتا تھا۔ گروہ کا سرغنہ ہدایت خان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ رینٹ پر لی گئی گاڑیوں کے جعلی اسمارٹ کارڈ تیار کرتا اور پھر کم قیمت پر فروخت کر کے گاڑیاں غائب کر دیتا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے متعدد گاڑیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان واہ کینٹ کی بستی کے قریب ایک شو روم بھی چلا رہے تھے، جہاں متاثرہ شہریوں کو گاڑیاں واپس دلانے کے بہانے بلایا جاتا اور ان سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کیا جاتا تھا۔
ابتدائی مقدمے کے مطابق ایک شہری سے دو گاڑیاں رینٹ پر لے کر غائب کی گئیں، جن کے ٹریکرز بھی اتار دیے گئے تھے۔ بعد ازاں متاثرہ شخص سے گاڑیاں واپس کرنے کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کیا گیا۔
پولیس نے مرکزی ملزم سمیت دیگر ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے مزید ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔


