کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے نارتھ ناظم آباد کے علاقے نیازمنزل سےڈکیتی اوراسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “تیس مارخان اورکمانڈوگروہ” کے5ملزمان کوگرفتارکرلیا۔گرفتار ملزمان میں گلفام عرف سنی ولد نیئر احمد، محمد شان ولد محمد حسین، داؤد ولد حاجی موسیٰ، اشرف عرف پنو ولد رمضان اور اسماعیل ولد میکائیل شامل ہیں۔ رینجرز نے ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول (بغیر لائسنس)، دو عدد 9 ایم ایم پستول (لائسنس یافتہ)، پانچ عدد میگزین بمعہ 28 عدد روند، پانچ موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی۔
رینجرزکےمطابق گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے علاقوں حیدری مارکیٹ، گودرہ چوک، گلبرگ ٹاؤن، سرینہ موبائل مارکیٹ، ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل، کار، رکشہ اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملزم محمد شان غیر قانونی اسلحہ جرائم پیشہ افراد کو فراہم کرنے کے علاوہ چھینے گئے موٹرسائیکلوں کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہے۔ گرفتار ملزمان تقریباً 450 سے 500 ڈکیتی کی وارداتوں میں شہریوں سے متعدد موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور 35 سے 40 لاکھ روپے چھیننے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ڈکیتی کی مزاحمت پر 5 سے 6 شہریوں کو زخمی کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
رینجرزکا کہنا ہےکہ گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور کراچی کے مختلف تھانوں میں ان کے خلاف متعدد ایف آئی آرز درج ہیں، جبکہ گروہ کےدیگرساتھیوں کی گرفتاری کےلیےکوششیں جاری ہیں۔ گرفتارملزمان کواسلحہ وایمونیشن اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔


