ایف آئی اے کی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی، تین ملزمان گرفتار، 20 ہزار ڈالر برآمد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 20 ہزار امریکی ڈالر، پانچ موبائل فونز اور اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کر لیے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی گلشنِ اقبال کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں حوالہ نیٹ ورک سے وابستہ ملزمان نعمان، لیاقت اور مدثر کو حراست میں لیا گیا۔ چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی غیر ملکی کرنسی کو غیر قانونی منی ٹرانسفر کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق قبضے میں لیے گئے موبائل فونز سے نیٹ ورک سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد حاصل ہوئے ہیں، جن کی مدد سے مزید کڑیاں جوڑی جا رہی ہیں۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے غیر قانونی کرنسی نیٹ ورکس کے پھیلاؤ کے شواہد حاصل کیے ہیں، اور ملک بھر میں حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں