چارسدہ(ایچ آراین ڈبلیو)سٹی پولیس نے سردریاب چیک پوسٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں ڈی ایس پی سٹی جان محمد خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ سٹی جوہر شید خان اور انچارج چوکی انٹرچینج اعزاز خان نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سردریاب چیک پوسٹ کے مقام پر اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم حق نواز ولد گلاب خان سکنہ سکھری، تحصیل جنڈ ضلع اٹک کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے گاڑی سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔
برآمد ہونے والے اسلحہ میں 26 پستول، 20 رائفلیں، 2 عدد 222 بور رائفلیں، 30 خالی میگزین اور 2700 کارتوس شامل ہیں۔
ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے متعلق مزید انکشافات سامنے لائے جا سکیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور غیر قانونی اسلحہ کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔


