کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)انصاف لائرز فورم کراچی کے رہنما اور معروف قانون دان ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی حراست آئین اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جیل میں قید تنہائی، ملاقاتوں پر پابندی اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ ان کے مطابق قیدیوں کو بنیادی حقوق دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے مزید کہا کہ عدالتی عمل میں رکاوٹیں، وکلا تک رسائی نہ دینا اور قانونی دستاویزات تک محدود رسائی ایک خطرناک رجحان ہے جو انصاف کے نظام پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری طور پر مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں وکلا و اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ انصاف لائرز فورم آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا-


