تھانہ گلبرگ پولیس کی بڑی کارروائی، 3 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار، اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ گلبرگ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں محمد عبداللہ ولد محمد سلیم، محمد زاہد ولد رحیم اور سجاد ولد عبدالغفار شامل ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کم عمر نوجوانوں پر مشتمل گروہ کی صورت میں شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرتے تھے۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے 50 سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک غیر قانونی 30 بور پستول بمعہ 3 زندہ کارتوس، 9 چھینی گئی موبائل فونز اور 2 مسروقہ موٹر سائیکلز برآمد کی گئی ہیں۔برآمد شدہ موٹر سائیکلز میں سے ایک تھانہ لیاقت آباد کے مقدمہ نمبر 260/2026 جبکہ دوسری تھانہ جوہرآباد کے مقدمہ نمبر 149/2026 میں مطلوب تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے موبائل فونز بھی مختلف علاقوں سے چھینے گئے تھے جن کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں، جبکہ ایک موبائل فون تھانہ گلبرگ کی حدود سے چھینا گیا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے جس میں ملزمان کو واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے گلبرگ کے علاقے ماما ہوٹل بلاک اور میگنٹ مال میں بھی شہریوں سے ڈکیتی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جن کے مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ میں اسلحہ ایکٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں