لاڑکانہ(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ پولیس نے منشیات فروشوں اور بدنام زمانہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری سخت آپریشن کے دوران لاڑکانہ میں ایک بڑی کارروائی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس اور وفاقی سول حساس ادارے کی اطلاع پر ولید تھانے کی حدود میں کارروائی کی گئی، جہاں مبینہ مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب ملزم واحد بخش عرف سونو ابڑو ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری کے مطابق ہلاک ملزم کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔ وہ پولیس کانسٹیبل زوار مشتاق احمد تنیو کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم لاڑکانہ کا بڑا منشیات ڈیلر تھا اور اس کے خلاف 30 سے زائد سنگین مقدمات درج تھے جن میں دہشت گردی، منشیات فروشی، پولیس مقابلے، ڈکیتی، راہزنی، قتل اور اقدام قتل شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دوطرفہ فائرنگ ہوئی اور ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔حکام کے مطابق ہلاک ڈاکو کا اسلحہ پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ اس کے مجرمانہ ریکارڈ کی مزید جانچ پڑتال جاری ہے۔پولیس نے بتایا کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔


