رینجرز کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث “لالو گروہ” کے 2 ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)لالہ آباد، سکھن میں پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “لالو گروہ” کے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت حمیداللہ عرف مانو ولد موسیٰ اور فریداللہ ولد شیر زمان کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک میگزین بمعہ 15 راؤنڈز (30 بور)، ایک پاؤچ اور 2 موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر قائدآباد، کورنگی، لالہ آباد اور اطراف کے علاقوں میں ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم حمیداللہ اسٹریٹ کرائم کے ساتھ ساتھ ڈیزل کی اسمگلنگ میں بھی ملوث پایا گیا ہے، جبکہ وہ عادی مجرم ہے اور ماضی میں بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ اس کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ اسلحہ و سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں