پاکپتن میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار

عارف والا / پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو) تھانہ صدر کی حدود پل پیر غنی کے قریب پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس نے ناکہ بندی کے دوران دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔پولیس نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت آصف ولد عاشق سکنہ ہارون آباد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم لاہور اور بہاولنگر میں ڈکیتی کی 18 وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے موٹر سائیکل اور واردات میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق علاقے میں ناکہ بندی کر کے فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے، جبکہ مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں