ملتان(ایچ آراین ڈبلیو)ملتان شہر میں دلخراش واقعے میں ایک گھر سے خاتون اور اس کے تین کم سن بچوں کی پھندا لگی لاشیں برآمد ہوئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کےمطابق مقتولہ کے شوہر اور اس کے دیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مقتولہ کے شوہر اور اس کے بھائی سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں واقعہ کو مشکوک قرار دیا جا رہا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آئیں گے، جبکہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور اہلِ علاقہ واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔


