کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “پاپا گروہ” کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت نعمان احمد عرف پاپا ولد محمد ظہور احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے چھینے گئے 2 موبائل فون اور 1 موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی، کورنگی، گلستانِ جوہر، ملیر اور دیگر علاقوں سمیت پنجاب میں بھی ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، فائرنگ اور موٹرسائیکل و موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
رینجرز کے مطابق ملزم تقریباً 200 سے 250 ڈکیتی کی وارداتوں، 40 سے 50 موٹرسائیکلوں اور 300 سے 400 موبائل فونز چھیننے جبکہ 50 سے 60 لاکھ روپے کی لوٹ مار میں ملوث ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بھینس کالونی میں پولیس مقابلے میں زخمی بھی ہوا تھا جبکہ شاہ فیصل کالونی میں ایک اور پولیس مقابلے کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم ایک عادی مجرم ہے اور پنجاب میں بھی ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے۔ اس کے خلاف کراچی اور پنجاب کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
رینجرز کے مطابق اس کے دو ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
گرفتار ملزم کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سے متعلق اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


