کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کراچی اور سی آئی اے کراچی نے اہم کارروائی کرتے ہوئے خورد برد میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ٹینکر سے سویابین آئل چوری کر کے سوزوکی گاڑی میں لوڈ کر رہے تھے کہ انہیں موقع پر ہی رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
کارروائی اٹلس ہونڈا کمپنی کے قریب سائٹ-بی، ضلع کیماڑی میں کی گئی، جہاں سے چوری شدہ سویابین آئل کے 34 کین برآمد کیے گئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد وسیم، محمد کامران، منیر اور غلام شبیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے 30.5 ٹن آئل ایم اے آئل ملز سے شیر شاہ لے جاتے ہوئے چوری کیا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔


