کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کراچی اور وفاقی حساس ادارہ کی مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران تعلیمی اداروں میں آن لائن منشیات سپلائی میں ملوث لیاری گینگ وار کے 4 کارندے گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ایس ایس پی سٹی سید علی حسن کے مطابق ملزمان آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے کا نیٹ ورک چلا رہے تھے اور شہر کے مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات کی ترسیل میں بھی ملوث تھے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے وسیم جوجی گروپ سے ہے اور انہیں تھانہ گارڈن کے علاقے سے ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت اکبر، نصیر، بلاول اور سدیس کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان سے 6.68 کلوگرام چرس، ہیروئن، آئس، 8 پستول بمعہ راؤنڈز اور 5 موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اکبر اس سے قبل بھی 6 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔پولیس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ اور نیٹ ورک سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔


