کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ساؤتھ انویسٹیگیشن پولیس کراچی نے تکنیکی بنیادوں پر اہم کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے گروہ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا کیمرا، موبائل فون اور کیمرے کے دیگر آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹیگیشن ساؤتھ توحید رحمان نے بتایا کہ شہری سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو صرف چار روز میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم ڈکیت گروہ کا اہم سرغنہ نکلا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزم سے لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ اس کا چاررکنی گروہ اسلحےکےزورپرشہربھرمیں وارداتیں کرتا تھااورشہریوں سےموبائل فون،لیپ ٹاپ،کیمرااورنقدی رقم چھینتا تھا۔0
حکام کے مطابق ملزمان نے چار روز قبل تھانہ ساحل کے علاقے میں واردات کی تھی، جہاں شہری سے کیمرا، موبائل فون، گمبل، پاور بینک، کیمرہ لائٹ، بیٹری اور پرس چھین کر فرار ہوگئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کو موبائل فون ٹریسنگ کے ذریعے تکنیکی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ اس کی شناخت عمران علی کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں اور گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


