کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب تھانہ قائد آباد پولیس کراچی اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس کے مطابق گشت پر مامور اہلکاروں نے موٹر سائیکل پر سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
گرفتار زخمی ملزم کی شناخت عادل ولد غلام علی کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے موقع سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن، گولیوں کے خول، موٹر سائیکل نمبر KHJ-2272، ایک موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کر لی۔حکام کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے کو فرانزک معائنے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ موٹر سائیکل کا ریکارڈ متعلقہ اداروں سے چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ مختلف تھانوں سے حاصل کیا جا رہا ہے۔فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


