کٹی پہاڑی میں منشیات کے بڑے اڈے پر چھاپہ، دو پولیس اہلکاروں سمیت تین ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کےعلاقےکٹی پہاڑی میں شارع نورجہاں پولیس نےمنشیات کے ایک بڑے اڈے پر چھاپہ مارا، جس کے دوران منشیات فروشوں نے پولیس ٹیم پر شدید پتھراؤ کیا۔ حملے کے نتیجے میں ایس ایچ او سرفراز سمیت دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے اڈے سے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کی گئی۔ایس ایچ او سرفراز نے ایک ویڈیو بیان میں برآمد شدہ منشیات دکھاتے ہوئے انکشاف کیا کہ گرفتار پولیس کانسٹیبلز ہی منشیات فروشوں کی سرپرستی کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کارروائی کے دوران باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پتھراؤ کیا گیا تاکہ ملزمان کو فرار کا موقع مل سکے اور گرفتاریوں سے بچا جا سکے۔

پولیس کے مطابق گرفتار اہلکاروں اور ان کے ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس فورس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں