کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی تحقیقاتی ادارے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے ایک اہم کارروائی کے دوران مفرور اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی آر نمبر 01/2015 میں مطلوب اشتہاری ملزم شاریق محمود ولد محمود حسین کو گرفتار کیا گیا۔
ملزم 2014 سے مفرور تھا اور عدالت کی جانب سے اسے اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے بطور اکاؤنٹس آفیسر جعلی دستخطوں کے ذریعے کمپنی کے اکاؤنٹ سے تقریباً 30 لاکھ روپے خردبرد کیے۔
واردات کے بعد ملزم بیرون ملک فرار ہو گیا تھا اور بعد ازاں اسے ملائیشیا سے واپسی پر ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ ادارے نے کہا ہے کہ مالی جرائم میں ملوث مفرور عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون سے فرار ممکن نہیں۔


