کرپشن اور غیر قانونی ٹریول ایجنٹس کے خلاف ایف آئی اے کی بڑی کارروائیاں، دو ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی تحقیقاتی ادارے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کراچی زون نے کرپشن اور غیر قانونی ٹریول ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے سابق پوسٹ ماسٹر محمد شفیق کو گرفتار کیا، جن پر سرکاری فنڈز میں 49 لاکھ روپے سے زائد کی خردبرد کا الزام ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے جعلی منی آرڈرز، ارجنٹ ایم اوز اور بوگس ای ایم ایس/فارین پارسل بکنگ کے ذریعے رقم ہتھیائی۔
دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے غیر قانونی ٹریول ایجنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزم نیاز احمد کو گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم پر ورک ویزا کے نام پر 6 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کرنے کا الزام تھا اور وہ کافی عرصے سے مفرور تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کو خفیہ نگرانی اور انکوائری کے بعد گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ کرپشن، انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں