کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بن قاسم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوئلہ چوری کی بڑی کوشش ناکام بنا دی اور چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان ڈمپر کے ذریعے کوئلہ چوری کر کے مختلف مقامات پر سپلائی کرنے جا رہے تھے۔ اس سلسلے میں پولیس نے پیشگی حکمت عملی کے تحت مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کر رکھی تھیں۔
کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت جوگنو، حبدار علی، رحمت اللہ اور عین الدین کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے کوئلے سے بھرا ڈمپر بھی تحویل میں لے لیا ہے جو مبینہ طور پر چوری شدہ کوئلہ منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


