کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) تھانہ درخشاں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک بین الاضلاعی منظم گروہ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کے دوران وارداتوں میں استعمال ہونے والا مشتبہ مزدا ٹرک نمبر JY-5923 قبضے میں لیا گیا، جس میں بوریوں کے اندر چوری شدہ موٹرسائیکلوں کے پارٹس اور باڈیز منتقل کی جا رہی تھیں۔
گرفتار ملزمان میں جہانزیب، عبدالحمید، محمد آصف، ارمان ولد ظفر اور ارمان ولد سمیع خان شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالحمید کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول بمعہ لوڈ میگزین بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ملزمان کے قبضے سے تھانہ درخشاں، جیکسن اور انڈسٹریل ایریا کی حدود سے چوری شدہ متعدد موٹرسائیکلیں، بھاری مقدار میں کھلے پرزہ جات، رم اور ٹائرز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے ڈیفنس کراچی سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے موٹرسائیکلیں چھیننے اور چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی ہیں، جن میں ملزمان کو واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزمان نے انکشاف کیا کہ چوری شدہ موٹرسائیکلیں شیر شاہ کے علاقے میں فروخت کی جاتی تھیں، جہاں انہیں پرزوں کی شکل میں ٹھکانے لگایا جاتا تھا۔ ملزمان کی نشاندہی پر ایک کباڑی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش اور ان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ کا عمل جاری ہے۔


