کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)عوامی کالونی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لانڈھی، کورنگی اور ملیر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او عوامی کالونی سید عدنان بخاری اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے معمول کی گشت پر تھے کہ کورنگی دارالعلوم کے قریب ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم تعاقب کے بعد اسے اسلحہ سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت اسامہ ولد فرید کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے ساتھی اویس کے ہمراہ شاہ فیصل پل کے قریب واردات کے بعد واپس آ رہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، موبائل فونز، 28 ہزار 100 روپے نقد رقم اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ برآمد ہونے والی موٹر سائیکل تھانہ الفلاح کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔
تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے کچھ گھنٹے قبل شاہ فیصل پل کے قریب شہری کو لوٹا تھا، جس سے چھینے گئے پرس میں 28 ہزار روپے موجود تھے۔
متاثرہ شہری فرحان نے بھی ملزم کو واردات میں شناخت کر لیا ہے۔ اس سے قبل شہری نے واقعے کا مقدمہ تھانہ شرافی گوٹھ میں ڈکیتی کی دفعات کے تحت درج کروایا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے دوسرے ساتھی اویس کی گرفتاری کے لیے معلومات حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


