فون کال کے ذریعے جھوٹی بم دھمکی کیس، ملزم شرجیل کی 30 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)فون کال کے ذریعے امریکی قونصلیٹ کو بم کی جھوٹی دھمکی دینے کے کیس میں عدالت نے ملزم شرجیل کی 30 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیس کی مزید تفتیش ضروری ہے کیونکہ شواہد نامکمل ہیں۔ عدالت کے مطابق استغاثہ کا مقدمہ صرف مبینہ فون کال پر مبنی ہے جبکہ کال ڈیٹا ریکارڈ اور سم ملکیت کا کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمہ بے بنیاد اور جھوٹا بنایا گیا ہے۔ وکیل نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کال وصول کرنے والے شخص کو بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
عدالت نے کہا کہ شواہد نہ ہونے کی صورت میں ملزم کو حراست میں رکھنا مناسب نہیں اور تحقیق مکمل نہ ہونے تک کسی کی آزادی سلب نہیں کی جا سکتی۔
پولیس کے مطابق امریکی قونصلیٹ کو بم کی جھوٹی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے فوری تلاشی لی تاہم کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہ ہوا۔ بعد ازاں پولیس نے نامعلوم کالر کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزم شرجیل کو نامزد کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں