اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عمل درآمد، سندھ حکومت کو عدالتی احکامات پر مکمل عمل کی ہدایت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عمل درآمد سے متعلق درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سندھ حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کو عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کر دی ہے۔
جسٹس عدنان الکریم میمن کی سربراہی میں بینچ نے اپنے حکم میں کہا کہ سندھ حکومت سمیت تمام ادارے ہائیکورٹ کے 10 فروری 2026 کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
عدالت نے یاد دہانی کرائی کہ 20 فروری 2026 کو سندھ بلڈنگ پلاننگ اینڈ کنٹرول رولز 90 دن میں نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا گیا تھا، جس پر عمل درآمد لازمی ہے۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ کراچی اسٹریٹجک پلان 2020 پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عمل کیا جائے، اور جب تک گریٹر کراچی پلان 2047 قانونی طور پر منظور اور نوٹیفائی نہیں ہوتا، اس وقت تک کے ایس ڈی پی 2020 ہی قابل عمل رہے گا۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بادی النظر میں یہ معاملہ مختلف اداروں، پالیسی معاملات اور قانونی فریم ورک سے متعلق ہے، اور عمومی طور پر ایسے امور آئینی دائرہ اختیار سے باہر آتے ہیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ فروری میں پہلے ہی جامع احکامات جاری کیے جا چکے ہیں، اس لیے تمام ادارے ان پر سختی سے عمل کریں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسٹریٹجک پلان 2020 سے انحراف کی صورت میں قانونی نتائج ہوں گے، اور متعلقہ ادارے عمل درآمد کی رپورٹ بھی پیش کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں