ٹھٹھہ(ایچ آراین ڈبلیو)ٹھٹھہ میں سرکاری اسکول میں اساتذہ، عمارت اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق معاملے پر عدالت نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو اسکول کا فوری معائنہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر سے سائٹ وزٹ کرایا جائے تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔
عدالتی ہدایت کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر اسکول کی عمارت، اساتذہ کی موجودگی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ عدالت نے فیصلے کی نقول سیکریٹری تعلیم کو بھی ارسال کرنے کا حکم دیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ عملدرآمد رپورٹ ایم آئی ٹی (مانیٹرنگ اینڈ امپلیمینٹیشن ٹیم) کے پاس جمع کرائی جائے۔
دو رکنی آئینی بینچ نے کیس نمٹا دیا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ریکارڈ کے مطابق اسکول میں اساتذہ موجود ہیں، تاہم حقیقت میں کوئی استاد موجود نہیں۔ درخواست گزار کے مطابق اسکول کی عمارت بھی موجود نہیں اور پانچویں جماعت کے بچے بنیادی تعلیم، الف ب تک نہیں جانتے۔


