مرتضیٰ بھٹو قتل کیس، ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل کی سماعت ایک بار پھر ملتوی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے بیٹے اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کے قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل کی سماعت ایک بار پھر ملتوی کر دی گئی۔
جسٹس اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی اپیلیٹ بینچ کے سامنے کیس کی سماعت ہوئی، جو پیپر بک کی صاف اور واضح نقول کی عدم فراہمی کے باعث ملتوی کر دی گئی۔
سماعت کے دوران وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ پیپر بک کی صاف اور واضح نقول فراہم کر دی گئی ہیں، تاہم مدعی کے وکیل رائے طاہر مامون شیروانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ انہیں تاحال مطلوبہ نقول موصول نہیں ہوئیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ متعدد وکلاء کو عدالتی حکم کے مطابق نقول فراہم کی جا چکی ہیں۔ جس پر عدالت نے آفس سے رپورٹ طلب کر لی۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ وکلاء رابطہ کریں تو نقول فراہم کی جا سکتی ہیں، جبکہ گزشتہ سال دسمبر میں بھی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق کیس میں شاہد حیات سمیت متعدد ملزمان انتقال کر چکے ہیں جن میں شبیر احمد قائمخانی، آغا محمد جمیل اور مسعود شریف شامل ہیں۔
یاد رہے کہ مرتضیٰ بھٹو کو 20 ستمبر 1996 کو دو تلوار کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا تھا، جس پر دو مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ٹرائل کورٹ نے دونوں مقدمات میں تمام ملزمان کو بری کر دیا تھا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25 مئی 2026 تک ملتوی کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں