لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور کے علاقے نصیر آباد میں واقع چلڈرن اسپتال میں نومولود بچے کو مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہونے کے واقعے میں پولیس نے خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر چوکی چلڈرن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ کارروائی ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی اور ایس ڈی پی او گارڈن ٹاؤن کی نگرانی میں کی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان 21 اپریل کو نومولود بچے کو ایمرجنسی وارڈ میں مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں واقعے کے وقت واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں آمنہ بی بی اور اللہ وسایا شامل ہیں، جن کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے ہے۔ ملزمان حفیظ سینٹر لاہور کے عقب میں کام کرتے تھے۔پولیس نے بتایا کہ ایک تیسری خاتون ملزمہ ثناء کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


